ناجائز تجاوزات کو ختم کر کے واگزار اراضی پر جنگلات اُگانے کا منصوبہ بنایا جائے: وزیراعظم

Published On 19 November,2021 04:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات کو ختم کر کے واگزار اراضی پر جنگلات اگانے کا منصوبہ بنایا جائے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے تعیمرات کا اجلاس ہوا، سروئیر جنرل آف پاکستان نے ملک میں جاری کیڈسٹرل میپنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرکاری اراضی کی 88 فیصد میپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تاحال مکمل میپنگ سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ تجاوزات کی مالیت کھربوں روپے بنتی ہے، کیڈسٹرل میپنگ سے سرکاری اراضی کا اصل رقبہ اور ملکیت ڈیجیٹل ریکارڈ کا حصہ بن جائیں گے، سب سے زیادہ نا جائز تجاوزات جنگلات کی اراضی پر بنائی گئی ہیں، واپڈا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سول ایویشن اور ریلوے کی زمینوں پر بھی ناجائز تجاوزات قائم کی گئی ہیں، اگلے مرحلے میں پرائیویٹ اراضیوں کی ڈیجیٹائز یشن کا عمل صوبائی حکومتوں کی مدد سے مکمل کیا جائے گا،

وزیر اعظم نے سروے آف پاکستان کی کیڈسٹرل میپنگ پر ستائش اور اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کو خالی کرایا جائے، صوبائی حکومتیں ناجائز تجاوزات کے لیے قانون سازی کے عمل کو جلد مکمل کریں۔ تمام صوبے کیڈیسٹرل میپنگ کے ڈیٹا کی سروے آف پاکستان کے ساتھ دو مہینوں میں تصدیق کے عمل کو مکمل کریں، صوبائی حکومتیں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ناجائز تجاوزات کے خلاف زیر التوا مقدمات کی موثر پیروی کریں، ناجائز تجاوزات کو ختم کر کے واگزار اراضی پر جنگلات اگانے کا منصوبہ بنایا جائے۔