طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق عمران خان کا بیان خوش آئند ہے: بلاول

Published On 21 September,2021 08:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے افغان حکومت کو تسلیم کرنے کے بارے میں جو کہا یہ خوش آئند ہے۔

بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پراتفاق رائے کے بعد ہی افغان حکومت کو تسلیم کرنا چاہئے، افغان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پاکستان کے اندر بھی اتفاق رائے ہونا چاہئے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ افغانستان کے موضوع پر پاکستانی پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں ہوا، پاکستان کے اندر سے اس حوالے سے کوئی مشترکہ رائے نہیں آئی، ملک میں بیشتر مسائل کی وجہ سے ابھی ہم اس معاملےپر پارلیمانی سیشن نہیں بلاسکے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے افغانستان پر اثر انداز ہونے کے معاملے کو اکثربڑھا چڑھا کر بتایا جاتا ہے۔ پاکستان کو شراکت داری پر مبنی افغان حکومت کے قیام کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، افغانستان میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی پارٹنرز کیساتھ ملکر پاکستان کو کام کرنا ہو گا کہ افغانستان کو خطے میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہ کیا جائے، افغان شہریوں کی طرح پاکستانی بھی کئی دہائیوں کی جنگ سے تنگ آچکے ہیں، ہم سب بہترین کی توقع کر رہے ہیں، بہترین کی توقع کرتے ہوئے ہمیں بدترین صورتحال کیلئے بھی تیار رہنا چاہیے۔