لاہور میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

Published On 11 September,2021 08:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر میں پھر موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 140 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی درہم برہم ہوگیا، 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

 موسلا دھار بارش سے لاہور میں پھر پانی ہی پانی ہو گیا۔ گلیاں، بازار اور شاہراہیں بارش کے پانی میں ڈوب گئیں۔ لکشمی چوک، فرخ آباد، بھاٹی گیٹ، لوہاری گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ، حاجی کیمپ، نسبت روڈ، ایمپریس روڈ، کوپر روڈ، تاج پورہ، وارث روڈ، عابد مارکیٹ، چوبرجی، جین مندر، موہنی روڈ، کاہنہ اور یتیم خانہ چوک میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ مختلف شاہراہوں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بارشی پانی میں بند ہو گئیں۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ 3 روز سے جاری بارش کے اعدادوشمار جاری کر دئیے۔ مجموعی طور پر زیادہ سے زیادہ بارش 329 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 140 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ فرخ آباد میں 118، پانی والا تالاب 117، گلشن راوی 105، سمن آباد 93، اقبال ٹاؤن میں 84، چوک ناخدا 82 اور تاج پورہ میں 73 ملی میٹر بارش ہوئی۔ جوہر ٹاؤن میں 70، گلبرگ 58، اپر مال 44، نشتر ٹاؤن 42، جیل روڈ 41، مغلپورہ 36 اور ائیرپورٹ پر 27.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بادل برسے تو لیسکو کا ترسیلی نظام ٹھنڈا پڑ گیا۔ لیسکو کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ رائل پارک، امامیہ کالونی، سگیاں، آؤٹ فال روڈ، علی پارک، پرانا کاہنہ، گورومانگٹ، شفیق آباد، فتح گڑھ، مصطفی آباد اور چوبرجی پارک علاقے بجلی سے محروم رہے۔ بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

دوسری جانب مسلسل بارشوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور واسا حکام کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، نکاسی آب کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کے کام کو مکمل کیا جائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کی طرح آج بھی متعلقہ افسران اور سٹاف محنت سے پانی کی نکاسی کا کام جاری رکھے، ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو وضع کردہ پلان کے مطابق متعین وقت میں یقینی بنایا جائے، نکاسی آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے ٹریفک کی روانی کے لئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں، انتظامی افسرا ن اور واسا حکام نکاسی آب کا کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں، خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔