اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

Published On 08 September,2021 09:14 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور سندھ میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کر دی۔

ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا اسپیل شروع ہوگیا۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں بادل کھل کر برسے، اٹک، جہلم اور داؤد خیل میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کر دی۔ سندھ میں کراچی، حیدر آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں صبح 8 بجے ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت کے مطابق کوئٹہ میں کم ازکم درجہ حرارت 22، زیارت میں 10، قلات میں 14، بارکھان میں جیونی، لسبیلہ، پنجگور، پسنی اور ژوب میں 24، دالبندین میں 16، گوادر میں 25، خضدار میں 23، نوکنڈی میں 27 اور تربت میں 26 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے کے اکثرعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔