اسلام آباد: (دنیا نیوز) جنگ ستمبر میں بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے والوں کو سلام، ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
یوم دفاع کے حوالے سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کےفرائض سنبھالے۔
ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔ ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔
1965 کی جنگ، قومی تاریخ کا درخشاں باب، دشمن کو عبرت ناک شکست اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم ہوئی۔ یوم دفاع و شہدا کا مقصد شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ تمام خطرات میں مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا۔ 1965ء میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کیلئے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
1965 کی جنگ کے 56 سال مکمل ہونے پر یوم دفاع کی خصوصی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ یوم دفاع کی اہم تقریب آج جنرل ہیڈ کورٹرز راولپنڈی میں ہوگی جس سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کریں گے۔ تقریب میں شہداء کے اہل خانہ بھی شریک ہوں گے۔
صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع جرات، بہادری، حب الوطنی سے لگن کی علامت ہے، افواج پاکستان نے جراتمندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، دفاع وطن کی خاطر افسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدا کے خاندانوں کو ان کے حوصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں نے ملک کو درپیش چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا، مسلح افواج، سیکیورٹی ادارے ملکی داخلی سلامتی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، ہماری مسلح افواج اقوام متحدہ کے پرچم تلے عالمی امن برقرار رکھنے میں تعاون کر رہی ہیں، پاکستان اپنے اردگرد ہونے والی تمام تبدیلیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، ہم مقبوضہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں، 1965 میں پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ گئی، 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی، پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے، بہادر افواج نے ثابت کیا وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہمارے جوان جان کی پرواہ کیے بغیر جرات و بہادری سے لڑے۔ انہوں نے کہا 6 ستمبر مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمارے شہدا اور غازی ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی، جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دشمن نے کبھی بھی پر امن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا، دشمن نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک کئی جنگیں مسلط کی ہیں۔