اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو شرم ناک انداز میں تحویل میں لینے پر شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے حریت رہنما سید علی گیلانی کے جسد خاکی سے غیرانسانی سلوک اور فورسز کے متشدد رویے کے خلاف پاکستان کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی سفارت کار کو بتایا گیا کہ بھارت کے اقدامات عالمی انسانی قوانین اور تمام سول اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
کشمیری حریت پسند رہنما سید علی گیلانی دو روز قبل سری نگر میں انتقال کر گئے تھے اور بھارتی فورسز نے جبری طور پر صبح ہونے سے قبل ہی ان کی تدفین کرادی تھی اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا تھا۔
دفترخارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حکام احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر بلاتفریق غیرانسانی سلوک جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ماضی میں بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی روشنی میں اور مقبوضہ وادی میں معاملات اپنے کنٹرول میں رکھنے کے لیے ممکن ہے کہ بھارت کوئی ایسا گھناونا عمل کرے گا تاکہ اپنے اقدامات سے توجہ ہٹا کر الزام پاکستان یا حریت قیادت پر عائد کرے۔
پاکستان نے سفارت کار پر زور دیا کہ بھارت ایسے کسی عمل سے گریز کرے جس سے خطے کا امن خطرے میں پڑے۔ بھارتی ناظم الامور کو پاکستانی مؤقف دہرایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی فوجی گھیراؤ ختم کرے، خطے کی جغرافیائی صورت حال تبدیل کرنے کے اقدامات سے باز آئے، قابض فورسز کو واپس بلائے اور انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیوں کو روک دے۔