صوبہ سندھ میں 23 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مشروط اجازت

Published On 17 August,2021 06:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے پیر 23 اگست سے صوبے میں تعلیمی ادارے کھولنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ سو فیصد ویکسینیٹڈ عملے والے سکولوں کو اجازت ہوگی۔ سکول تین تین دن شفٹس میں کھولے جائیں گے۔

سٹیرنگ کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے بتایا کہ پیر سے صرف ایسے سکولوں کو کھولا جائے گا جن کا عملہ سو فیصد ویکسینیڈ ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ تین تین دن کی شفٹس میں کھلیں گے۔ وزیر تعلیم سندھ نے یکساں نصاب تعلیم سے متعلق کہا کہ پورے ملک میں اردو اور انگریزی میڈیم ہوگا، ان کو پتا ہی نہیں سندھی بھی پڑھائی جاتی ہے۔

وزیر تعلیم سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سکولوں میں مانیٹرنگ کا مستقل عمل جاری رہے گا۔ خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔