سندھ کے علاوہ باقی تمام صوبوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

Published On 04 August,2021 05:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ کے علاوہ دیگر تمام صوبوں میں قائم تعلیمی اداروں کو بتدرج کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی صدارت میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کے لیے مختلف آپشنز پر غور ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تمام تعلیمی ادارے 50 فیصد طلبہ حاضری کیساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں تمام تعلیمی ادارے پہلے ہی 8 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لے کر صوبے میں موجود تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کرینگے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ عوام سوشل میڈیا کی افواہوں پر کان نہ دھریں، بچوں کی صحت اور تعلیم کا خیال رکھا جائے گا۔ اگلی میٹنگ 25 اگست کو طلب کی ہے جس میں اگلے لائحہ عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔