'ٹارگٹڈ طریقے سے پابندیوں کی حکمت عملی کامیاب رہی، ایس او پیز پر عمل ضروری'

Published On 01 August,2021 12:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ طریقے سے پابندیوں کی حکمت عملی انتہائی کامیاب رہی، بھارتی ویرینٹ انتہائی تیزی سے پھیلتا ہے، ایس او پیز پر عمل کرکے ہی مہلک وبا سے بچا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے کیا اقدامات اٹھائے جائیں، صوبوں کی مشاورت سے کل وزیراعظم کو سفارشات پیش کریں گے، کورونا سے متعلق مشترکہ پلیٹ فارم میں وفاق اور صوبے شراکت دار ہیں۔ کوشش ہوتی ہے پابندیوں سے لوگ کم سے کم متاثر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا صورتحال بھی سب کے سامنے ہے، بھارتی ویرینٹ بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔ ملائیشیا، تھائی لینڈ سمیت مشرقی ایشیا میں کورونا وبا بڑھتی جا رہی ہے۔ وبا سرحدوں کو نہیں دیکھتی، ملک کے ہر حصے کو متاثر کر سکتی ہے۔ این سی اوسی کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں، پورے ملک کوایک ہی نظرسےدیکھتی ہے۔

میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن سے خطرہ دس گنا کم ہوجاتا ہے، ویکسین اور ایس او پیز پر عمل کرکے مہلک وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اسدعمر نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ تین کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کا سنگ میل عبور کر لیا، تیسرے کروڑ کا ہدف صرف 16دن میں مکمل ہوا۔ ویکسین لگوانے کی رفتار میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ اس ہفتے کے تمام 6 دن ایک ریکارڈ تھے، اس دوران 50 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی گئیں۔ کل 9 لاکھ 34 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔

دوسری جانب ویکسی نیشن کے عمل کے باوجود ملک میں کورونا کے وار جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 62 افراد انتقال کر گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 8اعشاریہ آٹھ دو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مزید 5ہزار 26نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 10لاکھ 34ہزار 837ہو گئی۔ کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 69 ہزار 756 ہے، 24 گھنٹےمیں کوروناکے 1495 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔