اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام عمران خان کی تبدیلی کوپہچان چکے ہیں، سندھ کے عوام بھی جانتے ہیں، وزیراعظم کہتا ہے سندھ کو فتح کرے گا، انہیں کراچی سے عبرتناک شکست ہوئی، عمران خان سندھ کے سیاسی یتیموں کو ہمارے خلاف اکٹھا کر رہے، انہیں شکست دیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ آزادکشمیرمیں پیپلزپارٹی کے جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آزادکشمیر کی کٹھ پتلی حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ باقی جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کشمیر کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے، پیسے، تشدد کی بنیاد پر حکومت بنانے جا رہے ہیں، آزادکشمیرالیکشن میں دھاندلی کو جگہ،جگہ ایکسپوزکریں گے۔ پیپلزپارٹی کی فتح کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام عمران خان کی تبدیلی کوپہچان چکے ہیں، سندھ کے عوام بھی جانتے ہیں وزیراعظم نے پانی، گیس، مردم شماری، روزگار پر ڈاکہ مارا، عمران خان کہتا ہے سندھ کو فتح کرے گا، انہیں کراچی سے عبرتناک شکست ہوئی، عمران خان سندھ کے سیاسی یتیموں کو ہمارے خلاف اکٹھا کر رہے، انہیں شکست دیں گے۔
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد لا کر ہم وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار حکومت کو گرا سکتے ہیں، اگرضرورت پڑی تو شہبازشریف سے بھی رابطہ کریں گے۔ پیپلز پارٹی کو اپنی منزل کا پتہ ہے، ہماری پوزیشن واضح ہے، اپوزیشن کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، امید کرتے ہیں باقی جماعتوں میں بھی کلیریٹی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تجویز بدنیتی پر مبنی ہے، اگر یہ الیکشن ریفارمز چاہتے ہیں تو اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔ آرڈیننس زبردستی پاس کروایا گیا، جب تک الیکشن کمیشن الیکٹرانک مشین کو نہیں مانتا ہم کیسے اہمیت دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیرمیں جیالوں کے خلاف مقدمات نئی بات نہیں، آمروں کا مقابلہ کیا، کٹھ پتلی کا بھی کریں گے، صرف دھاندلی،دھاندلی کا الزام لگانا کافی نہیں، حکومت کو پیچھا کرنا ہوگا۔ اگراپوزیشن ساتھ نہیں دے گی توپیپلزپارٹی تنہا بھی اپوزیشن کرنے کوتیارہے ۔
پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چودھری یٰسین پرقاتلانہ حملہ ہوا، تمام ہتھکنڈوں کے باوجود وہ سیٹ جیتے، سیاسی انتقام کے طور پر چودھری یٰسین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ مقدمے کی مذمت کرتے ہیں۔