'جو جماعت اتحاد کا اعتماد کھو بیٹھے میری نظر میں اس کی کوئی گنجائش نہیں'

Published On 13 April,2021 10:53 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو جماعت اتحاد کا اعتماد کھو بیٹھے میری نظر میں اس کی کوئی گنجائش نہیں، وہ وقت دور نہیں جب احتساب کرنیوالوں کا احتساب ہوگا۔

سابق وزیراعظم و ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے اپنے اربوں روپے کھائے گئے، اس پر کمیشن بنا سب کو بری کر دیا، آج احتساب کا واحد مقصد مجرموں کو بچانا اور جرم کی پردہ پوشی کرنا ہے، دوسروں پر جھوٹے الزام لگانا آج کا احتساب ہے، ملکی معیشت تباہ کرنیوالوں کا احتساب ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک کا کیا بنے گا، کیا ملکی مسائل سڑکوں پر حل ہونگے ؟ کیا ملک میں کوئی حکومت ہے ؟ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کیا کر رہی ہے ؟ آج پاکستان کامسئلہ مہنگائی ہے، گیس سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے، بجلی کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں، 2018 کا الیکشن چوری ہوا اور جو حکومت بنی وہ ناکام ہوچکی ہے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جو جماعت اتحاد کا اعتماد کھو بیٹھے میری نظر میں اس کی کوئی گنجائش نہیں، فیصلہ پی ڈی ایم جماعتیں کریں گی، وہ جماعت اتحاد میں نہیں رہنا چاہتی تو پھر ان کا اپنا راستہ ہے اور ہمارا اپنا راستہ ہے، ہمارا مقصد نظام کی تبدیلی ہے۔