'پرویز الٰہی کی ذاتی کاوشوں سے پنجاب میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے'

Published On 27 February,2021 03:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کی ذاتی کاوشوں سے پنجاب میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جو مثال پنجاب نے پیش کی ہے اس کی تقلید باقی صوبوں کو بھی کرنی چاہئے۔

سربراہ پاکستان مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے مختلف رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں انہیں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مبارکباد پیش کی گئی۔ سالک حسین، سلیم بریار، شافع، محمد خان بھٹی، صباحت الٰہی اور رانا خالد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سینیٹ سمیت قومی مسائل پر بھی ایسے ہی یکجہتی کو پروان چڑھایا جانا چاہئے، چودھری پرویزالٰہی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ن لیگ کے سرکردہ رہنماؤں کو اعتماد میں لیا، انہی رابطوں کی وجہ سے پنجاب میں تمام امیدوار بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے، اسی طرح کی مثال ماضی میں بھی ملتی ہے جس کا سہرا بھی ہمارے خاندان کے سر جاتا ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ ہم نے بات چیت کے ذریعے ہی صوبہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کا معاملہ حل کروایا تھا، سردار تنویر اکیلے امیدوار تھے، سب نے کوشش کی لیکن انہوں نے ہمارے کہنے پر ہی دستبردار ہونے کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں حاجی بلور، غلام احمد بلور اور دیگر رہنما بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے تھے۔