کاروباری افراد کی شکایات کے ازالہ کیلئےخصوصی سیل قائم کیا جائیگا:چیئرمین نیب

Published On 21 February,2021 09:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کی شکایات کے ازالے کیلئے تمام بیورو کے دفاتر میں خصوصی سیل قائم کیا جائے گا۔

آج ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب بیورو کریسی اور کاروباری برادری کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے کیونکہ یہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ بدعنوانی تمام جرائم کی جڑ ہے جو کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے کوششوں میں تیزی لائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد بدعنوانی کی موثر حکمت عملی کے باعث نیب نے 714 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرکےقومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو ریکارڈ کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کے دور میں 487 ارب روپے وصول کئے گئے،،نیب کی سزا کا تناسب 68.6 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی سیل قائم کئے ہیں۔ نیب کو شکایات میں اضافے سے نیب پر عوام کے اعتماد کا عکاس ہے۔