پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے مصالحانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے: وزیر خارجہ

Published On 02 November,2020 04:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے خلوص نیت کے ساتھ مصالحانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے فن لینڈ کے اپنے ہم منصب پیکا ہاوسٹو سے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران کہی۔ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران افغان امن عمل سمیت خطے میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان شروع سے کہتے چلے آ رہے ہیں کہ افغان مسئلے کا واحد حل، افغان قیادت میں افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات ہیں۔ دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا انعقاد، افغانستان میں قیام امن کیلئے انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے۔ افغان قیادت کو اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے افغان رہنماؤں عبداللہ عبداللہ، گلبدین حکمت یار اور افغان ویلوسی جرگہ کے دورہ پاکستان اور ان سے ہونیوالی مثبت بات چیت کے حوالے سے فن لینڈ کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے رواں ماہ کے آخر جنیوا میں فن لینڈ، اقوام متحدہ اور افغانستان کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونیوالی کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے اہم قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے جنیوا میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کیلئے مدعو کرنے پر فن لینڈ کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی کہ اس کانفرنس میں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے لائحہ عمل کو بھی زیرِ بحث لایا جائے گا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے افعان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔