(ن)لیگ باہر چلی گئی، (ش) لیگ اندر ہو گئی، صرف (م)لیگ رہ گئی ہے: فیاض چوہان

Published On 30 September,2020 01:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے جس پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ (ن)لیگ باہر چلی گئی، (ش) لیگ اندر ہو گئی، صرف (م)لیگ رہ گئی ہے جو اب کھل کر اپنا کھیل کھیل رہی ہے۔

 لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ قائد ن لیگ کو سپریم کورٹ نے تاحیات نااہل قرار دیا، ن لیگ والوں نے ان کو اپنا قائد بنا لیا۔ ن لیگیوں کا نعرہ ہے کہ ہمارا وہ امام ہے، کرپشن جس کا کام ہے۔ شاہد خاقان گرفتار ہوئے تو ن لیگ انہیں خلیفہ کا درجہ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ والوں پر ہاتھ ڈالیں تو کہتے ہیں ریاست خطرے میں ہے۔ یہ واحد پارٹی ہے جس کی الٹی گنگا بہتی ہے۔ شہباز شریف گرفتار ہوئے تو سب سے زیادہ خوشی مریم صفدر نے منائی۔ (م) لیگ میں صرف پرویز رشید شامل ہیں جو ملک دشمن طاقتوں کے راستے پر گامزن ہیں۔ م لیگ اب کھل کر اپنا کھیل کھیل رہی ہے جتنا زیادہ  کھیلیں گی اتنا زیادہ بیڑہ غرق کریں گی۔