کورونا: بندرگاہوں پر پھنسے 25 ہزار سے زائد کنٹینرز کا جرمانہ معاف کرنیکا فیصلہ

Published On 21 August,2020 10:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک افغان تجارتی تعلقات میں بہتری کے لئے حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے افغانستان کو تجارتی سامان فراہم کرنے والے 25 ہزار سے زائد کنٹینرز کا جرمانہ معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ای سی سی آج منظوری دے گی۔

 افغانستان کو تجارتی سامان فراہم کرنے والے 25 ہزار 695 کنٹینرز کورونا کے باعث 24 مارچ سے 21 جولائی تک پاکستانی بندرگاہوں پر پھنسے رہے اور ان پر ٹرمینلز کی جانب سے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ حکومت نے پاک افغان تجارتی تعلقات میں بہتری کے سلسلے میں ان کنٹینرز کا جرمانہ معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کنٹینرز نے 6 ٹرمینلز کو 39 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ ادا کرنا ہے۔

وزارت امور جہاز رانی نے جرمانہ معاف کرنے کے حوالے سے سمری تیار کرلی ہے جو آج ای سی سی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ ای سی سی سے منظوری کے بعد وزارت امور جہاز رانی کی جانب سے نجی ٹرمینلز کو جرمانہ معافی کے احکامات جاری کئے جائیں گے۔ دستاویز کے مطابق حکومت کی جانب جرمانہ معاف کرنے کے لئے فورس میجور کی شرط بھی موجود ہے۔