اسلام آباد ہائیکورٹ کا شوگر انکوائری پر حکم امتناع ختم کرنے کا عندیہ

Last Updated On 15 June,2020 03:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عدالتی حکم کے باوجود چینی 70 روپے فی کلو دستیاب نہ ہونے پراسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر انکوائری پر حکم امتناع ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔ گنے کے کاشتکارکی شوگر ملز کیس میں فریق بننے کی درخواست منظور کرلی گئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ چینی 70 روپے فروخت کرنے کا کیا بنا ؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے بتایا کہ خط وکتابت جاری ہے لیکن مارکیٹ میں چینی 70 روپے کلو دستیاب نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پھر تو بات ختم ہوگئی، حکم امتناع تو چینی کی قیمت کم کرنے سے مشروط تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مشروط حکم امتناع پر عمل نہیں ہوا تو کیس جمعہ کیلئے مقرر کردیتے ہیں۔ طارق کھوکھر نے سوال کیا کہ کیا پھر حکم امتناع ختم ہو گیا ؟ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جب مشروط حکم امتناع پر عمل ہی نہیں ہوا تو پھر حکم امتناع کیسا ؟ عدالت ایسے قیمتوں کا تعین نہیں کرسکتی، یہ تو ایگزیکٹو کا کام ہے۔

عدالت نے شوگر ملزکیس 19 جون کو مقرر کرنے کی ہدایت کی اور کاشتکاروں کی فریق بننے کی درخواست بھی منظور کرلی۔ وفاق نے بھی کاشتکاروں کی جانب سے کیس میں فریق بننے کی حمایت کر دی۔