لاہور: (دنیا نیوز) کورونا نے سرکاری دفاتر کا بھی رخ کر لیا۔ واپڈا ہاؤس کے 30 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، واپڈا ہاؤس کو 9 دن کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔
واپڈا ملازمین کے ٹیسٹ کروانے پر 30 ملازمین کے رزلٹ مثبت آئے، واپڈا ہاؤس کو 13 جون سے 21 جون تک بند کیا گیا۔ سیکرٹری واپڈا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تمام ضروری کام اور اہم نوعیت کی میٹنگز سنی ویو آفس میں ہونگی۔
مراسلہ کے مطابق واپڈا ہاؤس میں تعینات تمام افسران اپنے گھروں سے کام کریں گے اور فون کال پر دستیاب ہونگے۔ سیکیورٹی اور انتظامی افسران پورے دفتر کو ڈس انفیکٹ کرنے کے لیے سپرے کروائیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 88 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 50 ہزار 87، سندھ میں 49 ہزار 256، خیبر پختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 44، اسلام آباد میں 7 ہزار 163 جبکہ آزاد کشمیر میں 574 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 39 ہزار 19 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 850 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 50 ہزار 56 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 88 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی۔ پنجاب میں 938، سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 11 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔