اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قرنطینہ پالیسی پر عملدرآمد نہ کیے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گائیڈ لائنز پر عمل کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہو جس میں اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق قرنطینہ پالیسی پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو قرنطینہ کیلئے 48 گھنٹے کا وقت مختص کیا گیا تھا لیکن انھیں 7 دن تک رکھا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی پہلے ہی بہت سی پریشانیوں کا سامنا کر کے پاکستان پہنچے ہیں، انھیں قرنطینہ کے نام پر مزید پریشان نہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے سختی سے ہدایت کی کہ 48 گھنٹے تک قرنطینہ میں رکھے جانے کی پالیسی ہر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر اس سے زائد عرصہ قرنطینہ میں نہ رکھا جائے، تاہم ٹیسٹ مثبت آنے پر دی گئی حکومتی گائیڈ لائیز پر عملدرآمد کریں۔