تحقیقاتی رپورٹ کے بعد وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ، کئی وزرا کے محکمے تبدیل

Last Updated On 06 April,2020 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور، شہزاد ارباب کو مشیر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، فخر امام غذائی تحفظ، امین الحق انفارمیشن ٹیکنالوجی، حماد اظہر کو صنعت وپیداوار کی وزارت دیدی گئی جبکہ بابر اعوان کو مشیر برائے پارلیمانی امور مقرر کر دیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق چینی بحران رپورٹ کے بعد وفاقی وزیر خوراک خسرو بختیار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے جبکہ سیکرٹری وزارت غذائی تحفظ ہاشم پوپلزئی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ گندم بحران پر پنجاب کے وزیر خوراک سمیع اللہ سے بھی استعفیٰ لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے متعدد وزارا کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی وفاقی وزیر کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

فخر امام وفاقی وزیر غذائی تحفظ، بابر اعوان مشیر برائے پارلیمانی امور، حماد اظہر وفاقی وزیر صنعت وپیداوار اور امین الحق کو وزیر ٹیلی کام کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

مخدوم خسرو بختیار نے وزیراعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ حالیہ آٹا اور چینی بحران میں میرا نام لیا جا رہا ہے، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں، ذاتی مفاد کے لیے کبھی ای سی سی کے فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی۔

ادھر عبدالرزاق داؤد کو مشیر صنعت وپیداوار اور شوگر ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین کےعہدے سے بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔ تاہم انھیں مشیر تجارت اور سرمایہ کاری کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔