لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز 19 چینی باشندوں کے سروسز ہسپتال میں نمونے لیے گئے تھے۔ 15 چینی باشندے کلیئر جبکہ 4 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ چار چینی باشندے سی پیک کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔ چاروں چینی باشندوں کو سروسز ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ سروسز ہسپتال میں ان چاروں چینی باشندوں کے حوالے سے علیحدہ انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان چاروں چینی باشندوں کو 14 روز کے لئے ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں علیحدہ سے رکھا جائے گا۔ ان کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تاکہ یہ وائرس آگے کسی کو منتقل نہ ہو سکے۔