کرونا وائرس کا مقابلہ: چین پاکستان کو ماسک، حفاظتی لباس اور وینٹی لیٹرز دے گا

Last Updated On 20 March,2020 09:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ان کا ملک کرونا وائرس سے مقابکے کیلئے پاکستان کو ماسک، حفاظتی لباس اور وینٹی لیٹرز دے گا۔

تفصیل کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد چینی ماہرین نے چار گھنٹے طویل انٹرنیشنل ویڈیو کانفرنس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجر جنرل عامر اکرام کا ویڈیو کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ایسا موقع فراہم کرنے پر چین کے شکرگزارہیں۔

میجر جنرل عامر اکرام کا کہنا تھا کہ چینی حکام نے پاکستان کے کئی سوالات کا جوابات دیئے، ویڈیو کانفرنس اور جوابات سے ہمارے علم میں اضافہ ہوا۔

چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ چین نے30 ہزار مشتبہ افراد کی چیکنگ کے لیے کرونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کر دی ہیں، چین پاکستان کو ماسک، حفاظتی لباس اور وینٹی لیٹرز دے گا، چین نے ایک لاکھ میڈیکل ماسک پاکستان کو دے دیئے۔

چینی سفارت خانہ کا کہنا تھا کہ یورپی، وسطی اور جنوبی ایشیا کے 20 ممالک ویڈیو کانفرنس میں شریک ہوئے، پاکستان کی جانب سے 20 کے قریب ماہرین شریک ہوئے، چین کرونا وائرس سے نبردآزما ہونے کے لیے اپنے تجربات پاکستان سے شیئر کرتا رہے گا۔