وعدے کی پاسداری نہ کی گئی تو نام سامنے لائیں گے: فضل الرحمن

Last Updated On 07 March,2020 03:19 pm

ملتان: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ قاف لیگ کو سامنے دکھایا گیا، بات کسی اور کی مانی، وعدے کی پاسداری نہ کی گئی تو نام سامنے لائیں گے، کسی سے ڈرنے والے نہیں۔

ملتان میں جامعہ قاسم العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس حکومت کو خاموشی سے برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر اپوزیشن آج بھی ایک صف پر آجائے تو بہت کم عرصے میں لوگوں کو حقیقی جمہوریت دے سکتے ہیں، حکمران اس ملک کی کشتی کو ڈبو رہے ہیں، ہم میدان میں ہیں اور عوام کا ساتھ دیں گے، ہم نے 14 ملین مارچ اور ایک آذادی مارچ کیا مگر کہیں بدنظمی نہیں ہوئی، ہماری تربیت یہ نہیں کہ ہم نظام کو درہم برہم کریں۔

فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ طالبان معاہدہ امن کی علامت ہے، دونوں فریقین کو استحکام اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا، بہت سی دنیا اس معاہدے سے خوش نہیں، سازشوں کے ذریعے معاہدے کے اثرات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عورت مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرا جسم میری مرضی فحاشی ہے، اس سوچ کی نہ اسلام اجازت دیتا ہے نہ ہی پاکستان کی جمہوریت میں اس کی اجازت ہے، ایک فیصد سے بھی کم خواتین مغربی ایجنڈے کو پاکستان میں عام کرنا چاہتی ہیں، ایک فیصد سے کم خواتین پورے پاکستان کی خواتین کے حقوق کی بات نہیں کر سکتیں۔