مسلم لیگ (ق) کی سیاسی میدان میں بڑی کامیابی، 13 اہم رہنما پارٹی میں شامل

Last Updated On 04 March,2020 07:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جوڑ توڑ کے محاذ پر متحرک مسلم لیگ (ق) نے سیاسی میدان میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 13 اہم رہنماؤں کو پارٹی میں شامل کر لیا ہے۔

مسلم لیگ قائداعظم میں شامل ہونے والوں میں سابق وفاقی وزیر، سابق ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز شامل ہیں۔ ان تمام رہنماؤں نے قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔

فیصل آباد سے سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل مشتاق احمد چیمہ، اوکاڑہ سے سابق ایم پی اے دیوان اخلاق، اوکاڑہ سے ہی تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے میاں اصغر علی جیویکا، سابق ٹاؤن ناظم سجاد حیدر، سمندری سے ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی خالد محمود گل، صداقت خان لودھی، ضیاء اللہ گجر، ریحان کسانہ، حاجی عبدالقادر، عارف چیمہ، عامر وڑائچ، ٹکٹ ہولڈر رائے قادر اور ٹکٹ ہولڈر خالد پرویز گل مسلم لیگ (ق) میں شامل ہوئے ہیں۔

سیاسی رہنماؤں کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔ چودھری پرویز الہیٰ کا تمام شخصیات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نئے شامل ہونے والوں کو بلدیاتی انتخابات میں اہم عہدوں پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) عوامی مسائل حل کرنے کی سیاست کرتی ہے۔ ہم بلدیاتی میدان میں بھرپور انداز سے اتریں گے۔ ق لیگ الزام تراشی نہیں بلکہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ہم نہیں ہمارے کام بولتے ہیں، ق لیگ کا دور حکومت خدمت کا دور تھا۔