ق لیگ چھوڑنے والے کچھ لوگ عمران خان کو گمراہ کرتے ہیں، مونس الہٰی

Last Updated On 04 February,2020 09:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ عمران خان کو فیل کرنا چاہتے ہیں۔ ق لیگ چھوڑنے والے کچھ لوگ عمران خان کو گمراہ کرتے ہیں۔

مونس الہیٰ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ان کی وزیراعظم کے ساتھ پہلی ملاقات اچھی رہی جس میں ان کیساتھ کھل کرباتیں ہوئیں تھیں۔ وزیراعظم نے جو باتیں کیں، ان کو کلئیر کیا۔ خیال تھا کہ سب باتیں ہونے کے بعد معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات میں پارٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ چاہتے ہیں معاملات احسن انداز سے حل ہوں۔ تاہم ایک کمیٹی کے ہوتے ہوئے دوسری کمیٹی کا قیام بلا جواز تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاہدہ تھا کہ ہمارے وزرا با اختیار ہوں گے۔ 3 اضلاع کے حوالے سے معاملات طے ہوئے تھے۔ طے ہوا تھا کہ ہماری وزارتوں میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔

ق لیگی رہنما نے بتایا کہ پہلی کمیٹی سے جو معاملات طے ہوئے تھے، ان پر کام شروع ہو گیا تھا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا جو پہلی کمیٹی سے معاملات طے ہوئے، اس پر عمل ہوگا۔

مونس الہیٰ نے بتایا کہ ن لیگ کے لوگوں سے ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ اسمبلی میں کئی لوگ ہماری سوچ کے ہیں۔ تاہم انہوں نے تردید کی کہ چودھری پرویز الہٰی وزیراعلیٰ کے امیدوار نہیں، ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ حکومت کے ساتھ اتحاد چلے اور اگلا الیکشن بھی مل کر لڑیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آٹے اور چینی کے بحران پر حکومت قابو پا لے گی۔ چیزیں اب بہتری کی طرف چل پڑی ہیں۔