اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کے نرخ میں اضافے کی سمری پر غور موخر کر دیا ہے تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی کے لیے پاکستان سٹیل ملز کے واجبات کی مد میں 35 کروڑ روپے گیس کی بل کی منظوری دے دی گئی۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت خزانہ کو 8 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی گئی۔ ای گورننس منصوبے کیلئے 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزارت خزانہ کی تجویز پر پاکستان مورگیج ریفائنانس کمپنی لمیٹڈ کے لیے عالمی بنک سے حاصل کردہ 14 کروڑ ڈالر قرضہ کی ایک کروڑ ڈالر رقم کی تیسری قسط کے لیے رسک شیئرنگ سہولت کے نفاذ کے لیے ٹرسٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے وزارت خزانہ کی تجویز پر سٹیٹ بنک آف پاکستان کو ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی ایل) میں اپنے شیئرز فروخت کرنے کی اجازت دے دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی مواصلات کی تجویز پر ای گورنمنٹ پروگرام کے نفاذ کے لیے درکار انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی انفرا سٹرکچر کی مرکزی طور پر خریداری کے لیے 10 کروڑ روپے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی تجویز پر پاکستان سٹیل ملز کے ذمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے واجب الا ادا گیس بلوں کی ادائیگی کی مد میں 35 کروڑ روپے کے اجراء کی منظوری دی، متعلقہ رقم مالی سال 2019-20ء میں پاکستان سٹیل ملز کے لیے مختص شدہ بجٹ سے کی جائے گی۔