اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے کا نظام بہت پرانا ہوچکا ہے، اسے بدلنے کی ضرورت ہے۔ ادارے میں بھی مافیا موجود ہے، افسروں کو سزا نہیں ملتی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کوئی وزیر نہیں چاہتا کہ اس کا نام حادثات کے ساتھ جوڑا جائے۔ ایم ایل ون بننے تک ریلوے کا نظام درست نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا نظام بہت پرانا ہوچکا ہے، اسے بدلنے کی ضرورت ہے۔ جب تک ٹریک ٹھیک نہیں ہوں گےریلوےٹھیک نہیں ہوگا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کوتمام معاملات سےآگاہ کیا۔ سانحہ تیزگام سے پاکستان ریلوے کو بہت نقصان پہنچا۔
وفاقی وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں ہمیں 16 ارب روپے ملے ہیں۔ 4 ارب روپے ایم ایل ون منصوبے کیلئے مختص ہے۔
پروگرام کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 13 فریٹ ٹرینیں چلائی ہیں، ریلوے کے محکمے میں 50 لیبر یونینز ہیں، سب ملے ہوئے ہیں۔
کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جلدکراچی کا دورہ کر کے سندھ حکومت سے بات کروں گا، سندھ حکومت کو علاقہ خالی کرا کے دے سکتے ہیں۔ کے سی آر سندھ حکومت کا منصوبہ ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کےسی آرکیلئے 38 کلومیٹرکاعلاقہ خالی کرالیاہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کا 6 کلومیٹر مزید خالی کرانا ہے۔