ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، چھ افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Last Updated On 18 December,2019 08:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثات جامشورو، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور راجن پور میں ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

جامشورو میں نوری آباد کے قریب سپر ہائی وے پر کار اور ٹریلر میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ چوک کے قریب بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی رکشے سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں طالب علم سمیت 2 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

راجن پور میں انڈس ہائی وے پر ٹریکٹر ٹرالی پولیس وین میں ٹکرا گئی۔ حادثے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔