چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ، وزیراعظم کی اپوزیشن سے مل کر جلد فیصلہ کرنیکی ہدایت

Last Updated On 11 December,2019 10:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زیر صدارت اہم اجلاس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر اپوزیشن سے مل کر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز سمیت وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی اسد قیصر، وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی اور وزیر مملکت علی محمد خان کی ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے قانون سازی کے معاملات میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع بارے قانون سازی پر مشاورت ہوئی اور فیصلہ کیا گیا حکومت اس سے متعلق قانون سازی کے لیے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کرے گی۔ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانون سازی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

حکومت کا تفصیلی فیصلے کی روشنی میں نظر ثانی اپیل بھی دائر کر سکتی ہے۔ اجلاس میں قانون سازی کے لئے ایوان کا ماحول سازگار بنانے پر بھی مشاورت ہوئی۔ وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بارے اپوزیشن سے مل کر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔