رحیم یار خان: زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم، 15 افراد زخمی

Last Updated On 29 November,2019 11:29 am

رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں زمین کے تنازعہ پر دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔ علاقہ گھنٹوں میدان جنگ بنا رہا، لڑائی میں اینٹیں اور ڈنڈے سوٹے چل گئے۔

 یہ واقعہ تھانہ شیدانی کی حدود میں پیش آیا جہاں پلاٹ پر قبضہ کے تنازعہ پر 2 گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں فریقین پولیس کی موجودگی میں ایک دوسرے کو اینٹوں سے زخمی کر رہے ہیں۔

اس جھگڑے میں تھانہ شیدانی پولیس کے ایک اہلکار سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے، پولیس اہلکاروں نے میدان چھوڑ کر جان بچاتے ہوئے بھاگ جانے میں عافیت سمجھی تاہم زخمیوں کو آر ایچ سی خانبیلہ ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے جہاں پر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔