اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے زیر صدارت جے یو آئی قیادت کے اجلاس میں ملک بھر میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ دھرنا جاری رکھتے ہوئے ملک کی اہم شاہراہوں کو بلاک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، حتمی اعلان سے قبل مولانا فضل الرحمن نے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔
حتمی اعلان آج کے جلسے میں ہی کئے جانے کا امکان ہے۔ اکرم درانی اور راشد سومرو کہتے ہیں کہ اب بس پلان بی کا اعلان ہونے ہی والا ہے۔
یہ اہم فیصلہ جے یو آئی قیادت کے زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں ہوا۔ پلان بی پر عمل درآمد کتنا اور کیسے ہو؟ اس حوالے سے صوبائی امرا نے تجاویز دے دی ہیں تاہم کچھ نے سڑکیں بلاک کرنے کی جگہوں کی نشاندہی کے لئے وقت مانگ لیا ہے۔
ادھر اکرم درانی نے نیب عدالت جبکہ راشد سومرو نے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کے باہر گفتگو میں کہا کہ پلان بی کا بس اب اعلان ہونے ہی والا ہے۔ جے یو آئی کی حتمی فیصلہ سازی پر اعتماد کے لئے مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ حاصل بزنجو نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔