قانون شکنی پر قانون حرکت میں آئے گا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی وارننگ

Last Updated On 23 October,2019 07:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ افراتفری کی سیاست ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، قانون شکنی ہوگی تو قانون حرکت میں بھی آئے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر احتجاج کی سیاست کسی صورت مناسب نہیں، ملک دشمن احتجاج کی آڑ لے کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ سب کا احترام کرتے ہیں، مگر کسی کو عوام کے جان ومال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے، اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو مارچ شرکا کو جانے سے روکا جائے گا۔

ادھر مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ روکنے کیلئے پنجاب پولیس نے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اے آئی جی آپریشنز نے تمام اضلاع میں اضافی نفری بھجوانے کا حکم دیدیا ہے جبکہ لاہور، اٹک اور راولپنڈی میں زیادہ اہلکار تعینات کرنے کا پلان بھی زیر غور ہے۔ راولپنڈی میں احتجاج سے نمٹنے کیلئے پولیس جوانوں کی ٹریننگ شروع کر دی گئی ہے۔