جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیر پر عالمی کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا

Last Updated On 21 October,2019 06:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وہ یہ تو نہیں کہتے کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کر دیا، مگر موجودہ حکومت کشمیر کو سردخانے میں رکھنے کی پالیسی پر چل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست کشمیر پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ حکومت کو کسی مارچ یا دھرنے کو روکنا نہیں چاہیے اور نہ ہی شہروں کو بند کرنا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو کشمیر پر کئی عملی تجاویز دے چکے ہیں، مگر اس حکومت کو سنانا دیوار کو سنانے کے مترادف ہے۔ اس لئے جماعت اسلامی نے خود کشمیر پر عالمی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کشمیر پر اثر انداز ہو رہی ہے لیکن پھر بھی حکومت کو کنٹینرز لگا کر شہر بند نہیں کرنے چاہیں۔

وزیراعظم کی طرف سے کشمیر کا سودا کر دینے کے سوال پر انہوں نے کہا وہ ایسا نہیں سمجھتے۔ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں یا نہیں؟ بار بار کے سوالات کے باوجود سراج الحق نے ہاں یا ناں میں جواب دینے سے گریز کیا۔

سراج الحق نے طنزیہ انداز میں کہا عمران خان کے امام ضامن باندھنے سے مودی خوفزدہ نہیں ہوگا، اسے مقبوضہ کشمیر میں روکنا ہوگا ، ورنہ اسلام آباد کی تیاری کرنا ہوگی۔