پاکستان تصادم نہیں چاہتا، مگر کسی بھی مہم جوئی کا مناسب جواب دے گا: دفتر خارجہ

Last Updated On 26 September,2019 11:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائم مقام سیکریٹری خارجہ معظم احمد خان نے پی فائیو ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان تصادم نہیں چاہتا، مگر کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور مناسب جواب دے گا۔

دفتر خارجہ میں سفیروں کو پاکستان مخالف بھارتی پراپیگنڈے سے متعلق بریف کیا گیا جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے دہشتگرد کیمپوں کے بے بنیاد الزامات سے متعلق گفتگو بھی کی گئی۔

قائم مقام سیکریٹری خارجہ معظم احمد خان نے سفیروں کو بتایا کہ بھارتی عسکری قیادت مانسہرہ، راولاکوٹ اور مظفر آباد میں دہشتگرد کیمپوں سے متعلق بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔ پاکستان پر یہ بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ان بے بنیاد الزامات کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور مواصلاتی نظام کی بندش پر پردہ ڈالنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ بھارتی بیانات پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید بگاڑ رہے ہیں جو علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان ان کو مسترد کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی الزامات مہم جوئی اور جعلی کارروائی کرنے کے لیے جواز پیدا کرنے کے لیے لگائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر پی فائیو کے سفیروں کو مذکورہ علاقوں کا دورہ کرانے کی پیشکش بھی کی گئی۔