شہباز شریف کے داماد کیخلاف گھیرا تنگ، ریڈ وارنٹ کی تیاریاں

Last Updated On 16 July,2019 11:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ریڈ نوٹس جاری کرانے کی تیاریاں کر لی گئیں۔

نیب لاہور کی جانب سے 22 اپریل 2019ء کو بھی نیب ہیڈ کوارٹرز خط بھجوایا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ علی عمران یوسف کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں لیکن کوئی نوٹس جاری نہ ہونے پر دوسرا خط لکھ دیا گیا ہے اور باقاعدہ کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ آئندہ چند روز میں باقاعدہ ریڈ نوٹس جاری کر دیا جائے گا اور پھر انٹرپول سے رابطہ کرکے علی عمران یوسف کی گرفتاری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

علی عمران یوسف پر صاف پانی، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سمیت ایرا سے متعلق ہونیوالی تحقیقات میں ملوث ہیں اور سابق چیف فنانس آفیسر ایرا اکرام نوید کی جانب سے نیب تحقیقات میں یہ تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے 13 کروڑ روپے سے زائد کی رقم علی عمران یوسف کو منتقل کی جس کے بعد انھیں متعدد بار نیب کی جانب سے طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اور مفرور ہو گئے۔