پختونخوا میں صرف 28 روزوں کے بعد عید، جگہ جگہ نماز کے اجتماعات

Last Updated On 04 June,2019 09:38 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں صرف 28 روزوں کے بعد عید کر دی گئی، جگہ جگہ نماز کے اجتماعات ادا کئے گئے۔

 خیبر پختونخوا میں پھر ملک کے باقی علاقوں سے ایک دن پہلے عید کر دی گئی، صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان بھی کیا گیا، پشاور میں عید گاہ چارسدہ روڈ اور مسجد مہابت خان میں بڑے اجتماع ہوئے، گورنر اور وزیراعلیٰ نے بھی فرض ادا کرلیا۔

پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی نماز عید کی ادائیگی کی گئی، ملک کی سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، شمالی وزیرستان سمیت قبائلی اضلاع میں بھی بڑے اجتماعات ہوئے، پارہ چنار کے شہریوں نے وفاق کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا۔

ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن کے عوام نے خیبر پختونخوا حکومت کے اعلان کو مسترد کر دیا، لوگوں نے وفاق کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا، ٹانک میں بھی آج انتیسواں روزہ رکھا گیا، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تقسیم دیکھی گئی، پولیس لائن میں نماز عید ادا کی گئی، کئی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔