کوئٹہ: اپوزیشن اور انجمن تاجران کی مہنگائی کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

Last Updated On 17 May,2019 08:05 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں اور انجمن تاجران نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔

متحدہ اپوزیشن اور انجمن تاجران نے مہنگائی کے خلاف آج کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جس کے بعد بی این پی مینگل، جے یو آئی اور پشتونخواہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی، بی این پی مینگل، جے یو آئی اور پی کے میپ کے اراکین اسمبلی سمیت انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ریلی جناح روڈ سے شروع ہو کر پریس کلب پہنچی جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ایک نااہل حکومت ہے. پسماندہ صوبے کے پچاس ارب روپے ضائع کر دئیے گئے۔

مقررین نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کیلئے سات سے آٹھ ارب خرچ کیے جاتے ہیں، پھر بھی بدامنی کا راج ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پی ایس ڈی پی کے معاملے پر عید کے بعد بھرپور تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا۔