کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں مجموعی طور پر 16 ہزار مریضوں میں ایچ آئی وی وائرس اور ایڈز کی تشخیص ہوئی ہے، کراچی میں ایچ آئی وی وائرس اور ایڈز کے سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے صوبے میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں جن کے مطابق مجموعی طور پر 16ہزار مریضوں میں ایچ آئی وی وائرس اور ایڈز کی تشخیص ہوئی ہے، کراچی میں ایچ آئی وی وائرس اور ایڈز کے سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
کراچی میں ایڈز کے سب سے زیادہ مریضوں کا انکشاف ہوا ہے، سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام کے اعدادوشمار کے مطابق 1996 سے رواں سال مارچ
تک شہر قائد میں ایڈز کے 78 مریضوں میں ایڈز پایا گیا جبکہ ایچ آئی وی وائرس کے 11 ہزار 282 مریض موجود ہیں۔ سندھ میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 237 تک جا پہنچی۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں ایچ آئی وی وائرس کے مریضوں کی تعداد 15 ہزار 876 ہے۔ کراچی کے بعد دوسرے نمبر پر لاڑکانہ ہے جہاں ایچ آئی وی
کے 2016 اور ایڈز کے 5 مریض موجود ہیں۔ حیدرآباد میں ایچ آئی وی کے 581 اور ایڈز کے 2 مریض ہیں، سکھر میں ایچ آئی وی کے 157، میرپور خاص میں 164، سانگھڑ میں 199 اور قمبرشہدادپور میں 112مریض رپورٹ ہوئے۔ پاکستان نے ایڈز پرقابو نہ پایا تو 3 سے 5 سال میں ساؤتھ افریقا اور نائجیریا جیسا حشر ہوگا۔