جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور احتساب عدالت پیش

Last Updated On 16 April,2019 02:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکائونٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور دوسری مرتبہ احتساب عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمان کی غیر حاضری پر چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس جاری کر دیا۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 5 ملزمان کو یاد دہانی کے خط کے باوجود ملیر جیل سے نہیں لایا گیا۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کو ملزمان پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ عدم پیشی پر شوکاز نوٹس بھیجیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمہ نورین سلطان اور کرن آفتاب کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست نیب کو مل گئی ہے مگر کارروائی مکمل نہیں ہوئی۔ 4 غیر حاضر ملزمان میں سے ایک اقبال آرائیں فوت ہوچکا جبکہ عدنان جاوید کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے اقبال آرائیں کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے ملزم عدنان جاوید کے ناقابل ضمانت جبکہ اعظم وزیر اور ناصر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ شہزاد علی اور زین ملک کو حاضری یقینی بنانے کے لیے 20، 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔ مزید سماعت 29 اپریل کو ہوگی۔