پیپلزپارٹی کے مشتعل کارکنوں کا نجی چینل کے سینئر کیمرہ مین پر تشدد

Last Updated On 20 March,2019 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور ان کے والد آصف زرداری کی نیب آفس راولپنڈی پیشی کے موقع پر کوریج کرنے والے نجی ٹی وی چینل کے سینئر کیمرہ مین کو پیپلزپارٹی کے مشتعل کارکنوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

جیالوں کو میڈیا کوریج بھی نا پسند، پولیس پر زور نہ چلا تو نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو تشدد کر کے لہولہان کر دیا۔ نیب آفس میں پیشی کے بعد جب بلاول بھٹو واپس روانہ ہونے لگے تو اس دوران اپنے فرائض سرانجام دینے کیلئے موقع پر موجود کیمرہ مین شیراز گردیزی پر مشتعل جیالوں نے تشدد شروع کر دیا جس سے وہ لہولہان ہو گئے۔

کیمرہ مین شیراز گردیزی کے ساتھیوں نے بیچ بچاو کرواتے ہوئے ان کی خلاصی کروائی اور طبی امداد کیلئے ہسپتال بھجوایا۔ پولیس اس موقع پر خاموش تماشائی بنی کھڑی رہی۔