کرائسٹ چرچ سانحہ: دفتر خارجہ نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اریب کی شہادت کی تصدیق کر دی

Last Updated On 16 March,2019 10:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملے کا شکار ہونے والے کراچی کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اریب کی شہادت کی تصدیق کر دی۔ خبر سنتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا، والدین اور چھوٹی بہن غم سے نڈھال ہو گئے۔ 

مستقبل کو تابناک بنانے کی چاہت میں پردیس جانے والے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے ستائیس سالہ اریب سے زندگی کا دامن ہی چھوٹ گیا۔

نیوزی لینڈکرائسٹ چرچ کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں اریب لاپتہ ہو گئے تھے تاہم ایک روز بعد دفتر خارجہ نے انکی شہادت کی تصدیق کر دی۔

اکلوتے بیٹے کی شہادت کی خبر گھر والوں پر بجلی بن کر گر ۔ والدین اور چھوٹی بہن حواسوں پر قابو نہ رکھ سکے۔

ڈیڑھ سال پہلے اریب نیوزی لینڈ گئےتھے۔ جہاں چارٹرڈ اکاونٹنٹ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ رواں سال جنوری میں چھٹیاں گزارنے پاکستان آئے اور گھر والوں سے وہی ملاقات آخری ثابت ہوئی۔