نیب بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا، چیئرمین نیب

Last Updated On 07 March,2019 08:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ کرپشن فری پاکستان نیب کا ایمان ہے، نیب بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔

اسلام آباد میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں قومی ادارے کی کارکردگی، انکوائریوں اور زیر تفتیش مقدمات کے حوالے سے بات کی گئی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی دیمک کی طرح ملکی ترقی کو چاٹ رہی ہے۔ کرپشن فری پاکستان نیب کا ایمان ہے، نیب بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔

چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب قوم کے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک جانے والے بدعنوانوں کو واپس لائے گا اور ان سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم بر آمد کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے سنجیدہ کاوشیں کر رہے ہیں۔ نیب افسران دیانتداری، ایمانداری، محنت، میرٹ اور ٹھوس شواہد کے مطابق کام انجام دیں۔ نیب کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔