قبائلی اضلاع میں عدالتی نظام: 907 آسامیوں کی منظوری دیدی گئی

Last Updated On 19 February,2019 03:20 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں انصاف کی فراہمی کا سلسلہ قریب پہنچ گیا، ابتدائی طور پر قابل ترین ججز تعینات کئے جائیں گے، 907 آسامیوں کی منظوری دیدی گئی۔

 صوبائی حکومت کی جانب سے قبائل میں سہولیات اور وسائل کی فراہمی کے لیے صوبے کے متعدد محکموں کی توسیع دی جاچکی ہے تاہم پولیس اور عدلیہ کا دائرہ کار بڑھانے میں مسائل کا سامنا تھا۔ صوبائی وزیر قانون کا کہنا ہے کہ دونوں حساس ادارے ہیں، پہلے مرحلے میں 7 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن اور 7 سینیئر سول ججز تعینا ت کئے جائیں گے۔ وزیر قانون کے مطابق جوڈیشل افیسرز تو موجود ہیں تاہم ابتدائی طور پر کرائے کی عمارتوں میں عدالتی نظام قائم کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ عدلیہ کے لیے مجموعی طور پر 907 آسامیوں کی منظوری دے دی گئی جس پرسالانہ 545 ملین روپے کے اخراجات آئیں گے۔

عرصہ دراز سے انصاف کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے والے قبائلی عوام کا کہنا ہے کہ حکومت جلد از جلد ان معاملات پائیہ تکمیل تک پہنچائے۔