پنجاب اسمبلی: بھارت میں پاکستانی سفارتکار کی گرفتاری کیخلاف قرارداد جمع

Last Updated On 14 January,2019 06:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں پاکستانی سفارتکار کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

یہ قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان بھارت میں پاکستانی سفارتی اہلکار کی بلا وجہ گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ بھارتی حکومت کی طرف سے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔

قرارداد کے متن کہا گیا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جاری جارحیت سے توجہ ہٹانے اور دنیا کی توجہ دوسری طرف مبذول کرانے کے لئے چھیڑ خانی شروع کر رہا ہے۔

متن کے مطابق مذاکرات امن کے لئے بہترین راستہ ہیں۔ پاکستان نے گزشتہ دو دہائیوں میں امن قائم کیا اور کامیابی کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ قردارد میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان بھارت کا مکروہ چہرہ اقوام عالم میں بے نقاب کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔