پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر پنجاب حکومت اور اپوزیشن میں اہم پیش رفت

Last Updated On 13 January,2019 03:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر پنجاب میں بھی حکومت اور اپوزیشن میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی، سپیکر پنجاب اسمبلی کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار دینے کی ترمیم کل پنجاب اسمبلی کے ایجنڈے پر رکھ دی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں اہم پیش رفت کے بعد کمیٹی سے منظوری ملنے پر اسمبلی رولز میں پروڈکشن آرڈر کے اختیار کے حوالےسے ترمیم اسمبلی ایجنڈے پر آ گئی۔

سوموار کے روز پنجاب اسمبلی ترمیم کا جائزہ لے کر منظوری دے گی، اسمبلی رولز میں ترمیم کی منظوری کے بعد اسے فوری نافذ العمل کر دیا جائے گا۔

ترمیم کے تحت سپیکر پنجاب اسمبلی کو بھی پروٖکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار حاصل ہو جائے گا، مسلم لیگ ن نے ترمیم منظور ہوتے ہی خواجہ سلمان رفیق کو ایوان میں لانے کیلئے سپیکر کو درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پروڈکشن آرڈر کی اس پیش رفت کے بعد نیب کی زیر حراست لیگی ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق کو بھی ایوان میں لایا جاسکے گا۔