عمران نیب سے ڈرانا چھوڑ دیں، کوئی این آر نہیں مانگ رہے: حمزہ شہباز

Last Updated On 09 January,2019 05:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز کا کہنا ہے ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر اور عوام سکتے میں ہیں، لوڈشیڈنگ واپس آگئی، عمران خان نیب سے ڈرانا چھوڑ دیں، حکومت سے کوئی این آر نہیں مانگ رہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کے ورزا روز ٹی وی پر بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں، حکومت گرانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں، جلد ہی آپ اپنے جھوٹ کے بوجھ تلے خود دب جائیں گے۔ انہوں نے کہا حکومت کو 5 ماہ ہوئے ہیں، ہر طرف غیریقینی کی صورتحال ہے، کہاں گئے جنوبی محاذ والے اور عمران خان کے وعدے ؟ آپ کو جتنا جھوٹ بولنا ہے بول لیں، قوم آپ سے حساب لے گی۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا لوڈ شیڈنگ کا جن ہم نے بند کر دیا تھا آج پھر لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، ایٹمی طاقت کو بھکاری کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، وزیر کہتے ہیں سرکاری ہیلی کاپٹر پر نیب کا عمران خان سے پوچھنا توہین ہے۔ انہوں نے کہا میٹرو عام آدمی کی سواری ہے، اس کو بند کرنے کا سوچا جا رہا ہے، ایک طرف سونے کیلئےٹینٹ دیتے ہو دوسری طرف غریبوں کی جھونپڑیاں گرا رہے ہیں، آپ نے گھر کیا دینے ہیں آپ نےغریبوں کے گھر گرا دیئے، ترقیاتی بجٹ میں 400 ارب کا کٹ لگا دیا گیا ہے۔