اسلام آباد: (دنیا نیوز) مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تاریخ تبدیل کرنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے خفگی کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر فیصل ووڈا سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بھی مناسب نہیں سمجھا کہ چیف جسٹس کوبتا دیا جائے، ہوسکتا ہے کہ اب مہمند ڈیم سنگ بنیاد کی تقریب میں شریک نہ ہوں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اب مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شامل نہ ہوں۔ فیصل ووڈا نے کہا کہ میں حکومت کی طرف سے آپ سے معافی مانگتا ہوں، آپ کو ڈیم افتتاح کے لئے بھی بلائیں گے اور آپ کو تقریب میں شریک ہونا پڑے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر چاروں وزرائے اعلیٰ آکر بتائیں کہ نئی گنج ڈیم کا کیا کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہم یہ معاملہ ٹیک اپ نہ کرتے تو یہ کیس تو رُکا ہوا تھا، اللہ برکت ڈالے کچھ پانی تو آئے گا، بجلی تو ملے گی، اگر ایکنک کی میٹنگ نہ ہوئی تو اگلی سماعت پر شارٹ نوٹس پر بلالیں گے۔ سپریم کورٹ نے نئی گنج ڈیم کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی، آئندہ سماعت چیمبر میں ہوگی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے موبائل فون سے ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کیا، لوگ کہتے ہیں ختم نہ کریں ڈیم کو دے دیں، سالانہ 36 ارب روپے بنتے ہیں، 10 ارب پانی پر لگائے گئے ٹیکس سے آجائیں گے، چیئرمین واپڈا ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے تحریری منصوبہ جمع کرائیں۔
سپریم کورٹ نے کہا چیئرمین ایف بی آر بتائیں کیا موبائل فون پر ڈیم تعمیر کیلے اسپیشل سیس لگایا جاسکتا، پانی پر نافذ العمل ٹیکس کی رقم کیا ڈیم پر صرف کی جا سکتی ہے۔