پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریوں کے کیس میں عبوری حکم جاری

Last Updated On 28 December,2018 02:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریوں کے کیس میں عبوری حکم جاری کرتے ہوئے 26 یونیورسٹیوں سے رپورٹ طلب کرلی۔

پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریوں کی تصدیق کے معاملے پر سپریم کورٹ نے 26 یونیورسٹیوں کے پیش نہ ہونے سے متعلق عبوری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے 26 یونیورسٹیز سے ڈگریز کی تصدیق سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ سپریم کورٹ نے کہا رپورٹ پیش نہ کرنے پر یونیورسٹی ذمہ داران پیش ہو کر تاخیر پر وضاحت پیش کریں۔

عدالت عظمیٰ نے 22 تعلیمی بورڈز سے ڈگریز کی دوبارہ تصدیق طلب کر لی۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ملک کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن 24 گھنٹے میں تصدیق کر کے رپورٹ پیش کریں، سول ایوی ایشن 26 دسمبر تک تعلیمی بورڈز سے کیے گئے رابطے کے بارے میں آگاہ کرے، 42 یونیورسٹیز میں سے 16 یونیورسٹیز سے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریز کی تصدیق کے حوالے سے 37 اداروں کو نوٹس جاری کیے گئے۔