فیصل آباد میں شہری کو 1 کروڑ71 لاکھ 34 ہزار 539 روپے کا بل

Last Updated On 22 December,2018 03:43 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں فیسکو کا انوکھا کارنامہ، رضا آباد کے شہری کو 1 کروڑ71 لاکھ 34 ہزار 539 روپے کا بل بھیج کر بجلی کا ہائی وولٹیج جھٹکا لگا دیا، بجلی کا بل دیکھتے ہی شہری توبہ توبہ کر اٹھے۔

فیصل آبادمیں فیسکو نے رضا آباد کے شہری کو بجلی کا بڑا جھٹکا لگا دیا، 171 یونٹس استعمال کرنے والے بجلی صارف کو 1 کروڑ 71 لاکھ 34 ہزار روپے کا بجلی بھیج دیا۔ یونٹس کے حساب سے شہری کا بل صرف 31 سو روپے بنتا تھا، بل دیکھتے ہی شہریوں نے کانوں کو ہاتھ لگا لئے۔

نااہل فیسکو انتطامیہ نے شہری کو بل ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 کروڑ 71 لاکھ 31 ہزار روپے بل ڈال دیا، متاثرہ شہری کا کہنا ہے حکام معاملہ کا نوٹس لیں وہ اپنی پوری جائیداد فروخت کر کے بھی یہ بل ادا نہیں کرسکتا۔

فیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے ہوسکتا ہے پرنٹنگ کی غلطی کے باعث شہری کو زیادہ بل بھیج دیا ہو، جلد مسئلہ حل کردیں گے۔