بے نامی اکاؤنٹس، مبینہ اپارٹمنٹ: زرداری کیخلاف 5 کیس سامنے آنیکا امکان

Last Updated On 20 December,2018 12:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بے نامی اکاؤ نٹس، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے امریکہ میں مبینہ اپارٹمنٹ کا انکشاف ہوا ہے، حکمران جماعت پی ٹی آئی نے نااہلی پٹیشن دائر کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں، آصف زرداری کے خلاف پانچ کیس سامنے آنے کا امکان ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے کاغذات نامزدگی میں کہا ہے کہ ان کا بیرون ملک صرف ایک پلاٹ ہے، دبئی میں الصفا سیکنڈ کے نام سے اس پلاٹ کی مالیت 9 کروڑ 97 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے، آصف زرداری کے مطابق ان کا بیرون ملک نہ تو کوئی کاروبار ہے نہ ہی بینک اکاؤنٹ۔

کاغذات نامزدگی کے مطابق آصف علی زرداری کے پاس کلفٹن کراچی اور نواب شاہ کا گھر، ڈی ایچ اے کراچی میں پلاٹ، ہزاروں ایکڑ زرعی زمین ان کے اثاثوں میں شامل ہیں۔ 6 بلٹ پروف لگژری گاڑیاں، 99 لاکھ روپے مالیت کے گھوڑے اور جانور بھی ان کی ملکیت ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے امریکی اپارٹمنٹ کا کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ ہونا ان کے لئے کئی قانونی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔